اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی اسلام آباد کی عدالتوں میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست پر سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور ابوذر سلمان خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے گئے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کئے ہیں عدالت پہلے وہ دیکھے گی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے پاس بطور سابق وزیراعظم سکیورٹی موجود ہے؟ وکیل درخواست گزارنے کہا کہ عمران خان سے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس وقت عمومی طور پر دہشت گردی کی ایک لہر ہے، وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کیا آج درخواست پر سماعت ہو سکتی ہے؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ درخواست دیں گے تو ہم ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر دیکھیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی