i پاکستان

عمران خان انتخابات کی نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں، شیری رحمانتازترین

September 26, 2022

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابات کی نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کا واقعہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی باعث شرمندگی بن چکی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے پاکستان تحریک انتشار کی سیاست کا حصہ نہ بنیں، اس کا واحد مقصد کیسز اور نااہلی سے بچنا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر جلا گھیرا اور اسلام آباد کے محاصرے کے طبل بجا رہی ہے، عمران خان انتخابات کی نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں شیر بنتے اور اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں لیکن اندر منت سماجت کرتے ہیں، ان کی سیاست امپائر کی انگلی کے انتظار میں گزر رہی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والا سب سے بڑا ڈاکو خود ہے، ان کا کرپشن کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے لاکھوں بھائی، بہنیں اور بچے سیلاب کی وجہ سے کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں، یہ ان کی مدد کرنے کا وقت ہے جلسوں اور انتشار کا نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی