i پاکستان

علی امین گنڈاپور نے سلمان اکرم اور شیر افضل کے درمیان سیز فائر کرا دیا،شیرافضل مروت کی تصدیقتازترین

January 23, 2025

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے درمیان سیز فائر کرا دیا۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان اختلافات کے معاملے پر وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنمائوں سے رابطہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنمائوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پارٹی کو نقصان ہو گا۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا فائدہ مخالفین کو ہو گا جبکہ شیر افضل مروت نے وزیراعلی کے پی کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی مداخلت پر دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات نہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثاء پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل علی امین گنڈاپور نے رابطہ کیا تھا۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے سیز فائر کرنے کا کہا۔خیال رہے کہ چند روز قبل شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا نے میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دئیے تھے جس پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پارٹی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی