i پاکستان

علی امین گنڈا پور اور عاطف خان ایک دوسرے کیخلاف کھل کر سامنے آگئےتازترین

November 05, 2024

وزیر اعلی خیبرپختونخوا اورپی ٹی آئی کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور اور پارٹی کے مرکزی رہنما عاطف خان ایک دوسرے کے خلاف کھل کر سامنے آگئے،علی امین گنڈاپور نے عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی دھمکیوں اور بدمعاشی سے نہ کوئی ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی مانتا ہے، آپ اتنے اہم فرد نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں ، انکوائری سے بچنے کے لیے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا۔ تفصیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے نوٹس بھیجے جانے کے معاملے پر سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف کے مبینہ آڈیو پیغام پر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا، سوشل میڈیا پر جاری آڈیو پیغام میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کے الزامات کا جواب دے رہے ہیں۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بیانات دے رہے ہیں اور جس قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ میں سن رہا ہوں، آپ پہلے معاملات کی تصدیق کرلیا کریں، میں اتنا فارغ بھی نہیں ہوں، میرے اوپر بڑی ذمہ داریاں ہیں جنہیں میں نبھا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آپ حیثیت کی بات کررہے ہیں، آپ اس طرح کی باتیں نہ کریں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، ہم سارے آپس میں بھائی ہیں، آپ حیثیت کے چکر میں پڑیں گے تو پھر ہمیں آپ کی حیثیت کا اچھی طرح معلوم ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ آپ دھمکیوں اور بدمعاشی سے نہ کوئی ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی مانتا ہے، آپ اتنے اہم فرد نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں، آپ اعظم خان، پرویز خٹک اور محمود خان کے ساتھ نیب سے متعلق جو کہانی سنا رہے، آپ کے خلاف یہ انکوائری اور کیسز میں کھلی ہے، آپ نے 4 ماہ پہلے اسی گروپ میں میسج کیا تھا کہ ہماری انکوائریوں کا کیا ہوگا۔آڈیو پیغام میں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے عاطف خان کو مشورہ دیا کہ انکوائری سے بچنے کے لیے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا، یہ آپ کو صرف اس لیے بھیجا گیا ہے کہ آپ آئیں اور جواب دیں اس کا، یہ وہ کہانی نہیں جو آپ سنا رہے ہیں، یہ کوئی اور کہانی ہے جس پر آپ کو طلب کیا گیا ہے۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ چیزوں کو الٹ پلٹ کرکے خود سے کہانیاں گھڑنا اور کہنا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ کس نے کیا ہے اور میسج میں میرا نام لکھ کر کہنا کہ یہ اپنی حیثیت دکھا رہا ہے، مہربانی کرکے اس طرح کی باتوں سے گریز کریں، میں پہلے ہی آپ کو برداشت کررہا ہوں، آپ نے میڈیا پر آکر پہلے بھی ڈراما بنایا اور اب بھی بنا رہے ہیں، میں اتنا فارغ نہیں اور نہ آپ اتنے اہم ہیں کہ میں آپ کے خلاف اس طرح کی چیزیں نکالتا پھروں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی