i پاکستان

آج تحریک انصاف قابل رحم حالت میں بکھر چکی ہے، یہ جماعت عبرت کا نشان ہے،مولانا فضل الرحمنتازترین

July 19, 2023

جمعیت علماء اسلام کے قائد اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ ملک میں عام انتخابات کا ماحول ہے۔ پی ٹی آئی جس ایجنڈے پر آئی تھی وہ ملک توڑنے اور تباہی کے سونامی کا ایجنڈا تھا۔ ہم نے اللہ کی مدد سے اس غیر ملکی قوتوں کے ایجنٹ کو اقتدار سے نکالا۔ کوئی رجیم چینج نہیں ہوا یہ ہماری سیاسی حکمت عملی تھی کہ پانچ حکومتیں تنکوں کی طرح بہ گئیں۔آج تحریک انصاف قابل رحم حالت میں بکھر چکی ہے۔ یہ جماعت عبرت کا نشان ہے۔ نو مئی کو اداروں پر حملے کر کے ملک دشمنی کی گئی۔ نوجوانوں کو گالی کلچر کا شکار کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کی زیر قیادت وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد میں ضلعی امیر سید محمد زکریا کے علاوہ معروف صنعتکار سید فہیم محمود شاہ، مسیحی رہنما سابق ایم این اے اعجاز جیکب گل،،پاسٹر کنول سہیل، یونس مسیح کوکو اور شکیل احمد شامل تھے۔ملاقات میں فیصل آباد میں آیندہ انتخابات اور خصوصی نشست کے حوالہ سے اہم مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا جمعیت علماء اسلام واحد سیاسی پارٹی ہے جس کے کسی ادنیٰ کارکن کا نام بھی کسی کرپشن لسٹ میں نہیں آیا۔ بدترین سیاسی مخالفین بھی سوائے گالم گلوچ کے کچھ نہ نکال سکے بعدازاں ضلعی امیر سید محمد زکریا کی دعوت پر عنقریب جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن فیصل آباد کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے جے یو آئی کی تمام تنظیموں کو بھرپور انتخابی مہم چلانے کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ پنجاب کی عوام نے سب کو ووٹ دیا اس بار جمعیت کے باکردار لوگوں کو بھی آزمائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی