i پاکستان

آئندہ 24گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی ، سلسلہ 2 مارچ تک برقرار رہنے کی توقعتازترین

February 24, 2025

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ہوائوں کا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوکر بارش، آندھی اور برفباری کا سبب بنے گا جبکہ یہ سلسلہ 2 مارچ تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔مغربی/شمال مغربی بلوچستان، مغربی خیبرپختونخوا اور وسطی/جنوبی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بعد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔مری،گلیات اور گرد و نوا ح میں موسم سرد جبکہ بعد ازاں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، میانوالی، خانیوال، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان،کرم، باجوڑ، خیبر، چترال اور دیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور موسی خیل میں 26 فروری تک تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد جبکہ شام یا رات میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی