i پاکستان

آئی پی پیز سے معاہدے کرنے والوں کے اثاثے منجمد کیے جائیں، امیر جماعت اسلامیتازترین

August 05, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہر حکومت میں آئی پی پیز کے نمائندے شامل رہے ہیں، آئی پی پیز سے معاہدے کرنے والوں کے اثاثے منجمد کیے جائیں۔ کراچی میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے 25 کروڑ عوام کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، بجلی کے بلوں نے لوگوں کی کمر توڑ دی، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، مسئلہ سبسڈی کا نہیں بلکہ جو لاگت آرہی ہے صرف وہ چارج کریں۔ انہوں نے کہا کہ 1994 سے چلنے والی آئی پی پیز ناکارہ ہوگئی ہیں، ان کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہے، ان کے پلانٹ بوسیدہ ہوگئے ہیں، ان کو ختم ہونا چاہیے، حکومت کسی سے قرضہ لے کر بھی ان کو خرید لے تو اس عذاب سے جان چھوت جائے گی، جس میں انہیں کیپسٹی چارجز کے نام پر پیسے دینے پڑتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت درست طریقوں سے چیزوں کو کرنا چاہے تو وہ بہت کچھ کرسکتی ہے، جس طرح اپنے حق کے لیے بڑے پیمانے پر لوگ جماعت اسلامی کے دھرنے میں جمع ہوتے ہیں، اس نے پاکستان کی قوم کو ایک امید دی ہے، ہر کوئی یہ دیکھتا ہے کہ اس دھرنے کے کیا نتائج نکلیں گے، اس لیے جماعت اسلامی قوم کی امید کو کبھی نہیں توڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورت میں چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے، بجلی کے بل کم ہونے چاہیے، کیپسٹی چارجز ختم کریں، اضافی ٹیکسوں کا بوجھ پاکستانی قوم نہیں اٹھائے گی، حکومت کو اپنی مراعات کو کم کرنا ہوگا، حکومتی لوگ یہ کہتے ہیں کہ ان معاہدوں کو ہم کیسے ختم کرسکتے ہیں، اس پر ہمیں جرمانے لگ جائیں گے، وہ ریکوڈک کا حوالہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرح یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم آئی پی پیز سے دوبارہ مذاکرات نہیں کرسکتے اور دوسری طرف پاک ایران گیس پائپ لائن ہے، ایران کہتا ہے کہ پاکستان پر 8 نہیں 18 ارب ڈالر کا جرمانہ لگ سکتا ہے۔ ، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا کسی صدر، وزیراعظم یا وزیر خزانہ نے پاکستانی قوم کو یہ ڈرایا یا امریکا سے بات کی اگر ایران نے معاہدے کے مطابق ہم پر یہ دعوی کردیا تو ہم یہ 18 ارب ڈالر کہاں سے لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس بار کبھی بات نہیں کریں گے، کیوں کہ ان کا آقا امریکا منع کرتا ہے کہ پاکستان ایران سے گیس نہ لے، پاکستان معاہدہ کرنے کے باوجود اپنے حصہ کا کام نہیں کررہا ہے، حالانکہ اس کا ہمیں بہت فائدہ ہے، کیوں کہ ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بڑے پیمانے پر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی