وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی، باتیں ہو رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائیگا، آئی ایم ایف کو لیٹر بھی لکھے گئے مگر آج سارے اشاریے مثبت ہیں،مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنا خوش آئند ہے،وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دور رس نتائج سامنے آئینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد معیشت ٹھیک ہونا شروع ہوئی، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھی ریکارڈ ترسیلات زر ہوئیں، موجودہ دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی بہتر ہورہی ہے۔ زیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، ڈالر کی اسمگلنگ روکنے سے روپیہ مستحکم ہوا جبکہ بعض لوگ چاہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، تاہم آٹا 120 سے 60 روپے اور پیٹرول 300 سے 249 پر آگیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ ڈالر کی اسمگلنگ روکنے سے روپیہ مستحکم ہوا، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنا خوش آئند ہے، کوششیں کی جارہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، بلوم برگ نے پاکستانی معیشت میں بہتری کی تعریف کی، موڈیز اور فچ نے بھی پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دیا۔ سیاسی جماعتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت اور قیادت پاکستان سے بڑی نہیں ہے لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں یہ قابل قبول نہیں ہے، تعمیری تنقید کی باری آتی ہے تو ہم حاضر ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مختلف ملکوں کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں، ایرانی رہنما سے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، گیس پائپ لائن سمیت عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار سے زائد قربانیاں دیں، دہشت گردی کے باعث معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، ہماری کوششوں سے کراچی کا امن بحال ہوا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کا سلامتی کونسل سے خطاب اہم ہوگا۔
وہ فلسطین کا مسئلہ اٹھائیں گے اور اسلامو فوبیا پر بات کریں گے، وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کیا، اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیل کو غزہ کی نسل کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے، وزیر اعظم نے لبنان پراسرائیلی جارحیت کا معاملہ اٹھایا ہے۔ فلسطینی کاز پاکستان کا کاز ہے جس کے لیے ہر جگہ آواز اٹھائیں گے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیادت نے پاکستان کی معاونت کا اعتراف کیا، فلسطین کے طلبا کی پاکستان میں تعلیم کے لیے مزید اقدامات کریں گے، پاکستان فلسطین کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور رہے گا، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی قائداعظم کی پالیسی پر کار بند ہیں، لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ کہتا رہا ہے کہ سیزفائر کے سوا کوئی راستہ نہیں، افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی ہوگی تو اس پر بات کریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہا کہ ترکیے کے صدر نے بھی پاکستان کی معاشی بحالی کی تعریف کی، پاکستان ڈیفالٹ کر جانے کی باتیں ہوتی تھیں، آئی ایم ایف کو لیٹر بھی لکھیگئے مگر آج سارے اشاریے مثبت ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبان کو واپس لانے کی پالیسی غلط تھی، اس کے اثرات خیبر پختونخوا میں نظر آرہے ہیں، امریکا نے کیا ڈیمانڈ کی تھی کہ جس کے جواب میں ابسلوٹلی ناٹ کہا گیا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا بنگلادیش کے ساتھ تعلقات بحال ہو رہے ہیں اور پی آئی اے کی بڈنگ براہ راست نشر کی جائے گی۔ایکس کی بندش سے متعلق عطا تارڑ نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے، عبوری حکومت نے عدالت میں جواب جمع کرایا تھا کہ ایکس پر فحش مواد کو کھلی چھوٹ ہے جبکہ انٹر نیٹ خلل کا مسئلہ چار 5 دن آیا تھا جو اب حل ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علیحدگی پسند تنظیمیں یہاں فعال ہیں، پاکستان کی سالمیت کا معاملہ ہے جس پر وزارت داخلہ کو خدشات ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی