عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس آئندہ ماہ 9 مئی کو طلب کر لیا گیا ۔ جس کے ایجنڈے میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مالی سال 2025 اور 2026 کے بجٹ اہداف پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ان اہداف میں بجٹ خسارہ کم کرنا، قرضوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا اور مالی نظم و ضبط بہتر بنانا شامل ہے۔مزید برآں، ٹیکس پالیسی میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور پرچون سیکٹر میں سیلز کی موثر نگرانی کا نظام نافذ کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ پاکستان زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کے لیے بھی نئے اقدامات کرے گا، جن میں امریکہ کے ساتھ برآمدی ٹیرف پر نظرِ ثانی شامل ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منظوری کے بعد نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی سطح پر مالیاتی اداروں کا اعتماد بھی بحال ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی