i پاکستان

عدت نکاح کیس،عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کا فیصلہ چیلنجتازترین

July 19, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ میں خاورمانیکا نے دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کا فیصلہ چیلنج کردیا۔ خاور مانیکا نے وکیل زاہد آصف چودھری کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایپلٹ کورٹ نے کیس کے اہم پہلوں کو نظر انداز کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کالعدم قرار دی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایپلٹ کورٹ نے استغاثہ کے گواہان کے بیانات کو بھی ملحوظ خاطر نہ رکھا، ایپلٹ کورٹ کی جانب سے دونوں ملزمان کی بریت کا فیصلہ قانونی طور پر قائم نہیں رہ سکتا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ ایڈیشنل سیشن جج کا سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرنے کا 13 جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور دوران عدت نکاح کیس میں ٹرائل کورٹ کا 3 فروری کا فیصلہ بحال کیا جائے جبکہ دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کی سزا بحال کی جائے۔ واضح رہے درخواست میں حکومت، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو فریق بنایا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی