انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں احتجاج و ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے فردوس شمیم سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش اور دیگر کارروائی مکمل کرلی ہے اور 2 ملزمان کے بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کروانا ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر اور پراسیکیوشن سے 19 مئی کو جواب طلب کرلیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے وکلا نے ملزمان کی درخواست ضمانت بھی جمع کرادی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی