پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے حال ہی میں لاہور میں منعقد ہونے والی 40ویں عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے معاونت کرنے والے نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں پی سی ایم ای اے کے پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرمین میاں عتیق الرحمان، وائس چیئرمین ریاض احمد، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان،ایگزیکٹو ممبران عامر خالد شیخ،عمر شہزاد پراچہ او رسیکرٹری محمد ریاض نے شرکت کی ۔ میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے اپنے خطاب میں عالمی نمائش کی تشہیر ، نمائش میں لگائے گئے سٹالز کی تزئین و آرائش اور عالمی کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں معاونت کرنے پر نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ 40ویں عالمی نمائش میں ماضی کے مقابلے میں بہت سے نئے رجحانات متعارف کرائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس سے مستقبل میں بھی اشتراک جاری رکھا جائے گا ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کے ڈیزائنوں کے حوالے سے بھی این سی اے کے تجربات سے استفادہ کریں گے ۔ تقریب کے آخر میں عبد اللطیف ملک، میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے این سی اے کے طلبہ میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی