اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) نے بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق سکھر میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش کرنے والی 4 خواتین کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی سٹی پوائنٹ سکھر کے قریب کی گئی۔ دوران تلاشی چاروں خواتین کے قبضے سے مجموعی طور پر 6 کلو آئس برآمد ہوئی۔اے این ایف کے مطابق خواتین ملزمان نے منشیات اسکاچ ٹیپ کی مدد سے جسم سے لپیٹ رکھی تھی۔ گرفتار خواتین کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے خواتین سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ منشیات اسمگلنگ جیسے گھنائونے جرم میں خواتین کو ملوث کرنا باعث تشویش ہے۔ ایسے گروہوں کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔ خواتین کو ایسے جرائم میں استعمال کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ اے این ایف منشیات اسمگلنگ کے انسداد کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل اور پرعزم ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی