اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون میں غیرملکی سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ 1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد مالیت کی 176.315 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں میں کاروائیوں میں1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد مالیت کی 176.315 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔ ملتان میں شجاع آباد روڈ کے قریب ملزم کے قبضے سے 715 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔سپر ہائی وے کراچی میں سبزی منڈی کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 106.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔ پبی نوشہرہ کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 43.2 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد میں گولڑہ موڑ کے قریب 2 ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑی سے 20.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔کالا باغ روڈ میانوالی میں روکھڑی کے قریب ایک غیرملکی سمیت 3 ملزمان سے 3.2 کلو گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی