i پاکستان

بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 6 برس بیت گئےتازترین

July 09, 2022

شفقت، محبت اور رحم دلی کا پیکر مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 6 برس بیت گئے۔انسانیت کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے عبدالستار ایدھی 6 سال قبل اس دارفانی سے کوچ کرگئے تھے لیکن دہائیوں تک انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے والے ایدھی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں۔عبدالستار ایدھی 28فروری 1928 میں بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد 1947 میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آکر کراچی میں سکونت اختیار کی۔عبدالستار ایدھی نے چھوٹی عمر میں ہی اپنے سے پہلے دوسروں کی مدد کرنا سیکھ لیا تھا، یہ بات آگے کی زندگی میں ایدھی صاحب کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی اور پھر عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارے۔عظیم سماجی رہنما نے اپنی خدمات کا ا?غاز 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کرکے کیا۔ عبد الستار ایدھی نے صرف 5000 روپے کے ساتھ اپنا پہلا فلاح و بہبود مرکز قائم کیا اور پھر ایدھی ٹرسٹ قائم کیا۔ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس گردانی جاتی ہے جو پاکستان کے ہر شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے، اسی بنا پر ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس کو 1997 میں گنیز بک ا?ف ورلڈ ریکارڈ میں

دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کے طور پر شامل کیا گیا۔اسپتال اور ایمبولینس خدمات کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے کلینک، زچگی گھر، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول کھولے۔پاکستان کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن دنیا کے دیگر کئی ممالک میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت سرانجام دے رہی ہے۔1980 کی دہائی میں حکومت پاکستان نے عبدالستار ایدھی کو نشان امتیاز سے نوازا جب کہ پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کا اعزاز دیا، 1992 میں حکومت سندھ نے انہیں سوشل ورکر آف سب کونٹی نینٹ کا اعزاز دیا۔بین الاقوامی سطح پر 1986 میں عبدالستار ایدھی کو فلپائن نے رومن میگسے ایوارڈ دیا اور 1993 میں روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے انہیں پاؤل ہیرس فیلو دیا گیا۔عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور علالت کے باعث 8 جولائی 2016 کو خالق حقیقی سے جاملے۔عبدالستار ایدھی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔حکومت پاکستان نے انہیں بعد از مرگ نشانِ امتیاز سے بھی نوازا اور عظیم شخصیت کے اعزاز میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 50 روپے مالیت کا سکہ بھی جاری کیا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی