i پاکستان

آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ، کورکمانڈر سدرن کمانڈ سمیت اہم شخصیات سوارتازترین

August 02, 2022

اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا جس میں کورکمانڈر سدرن کمانڈر سمیت 6افراد سوار تھے ۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)کے مطابق اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔ ادھر نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر 5بج کر 10منٹ پر اڑا اور تقریباًایک گھنٹہ بعد اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول ( اے ٹی سی )سے منقطع ہوگیا۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق ہیلی کاپٹر پر کورکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ،ڈی جی پی سی جی سی سی انجینئر 12 کورمیجر جنرل امجد، میجر سعید (پائلٹ)،میجر طلحہ( سی او وی پائلٹ)، بریگیڈیئر امجد حنیف ستی ،این کے مدثر(ہیلی عملہ کے رکن ) سوار تھے ۔ادھر ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کوئٹہ میں عرب ویب سائیٹ کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر پیر کی شام پانچ بج کر دس منٹ پر لسبیلہ کے علاقے اوتھل سے اڑا تھا مگر چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود ہیلی کاپٹر اپنی منزل پر نہیں پہنچا۔پاکستان ایئر فورس کے مطابق اوتھل سے اڑنے والے ہیلی کاپٹر نے چھ بجے پی اے ایف بیس فیصل لینڈ کرنا تھا تاہم کئی گھنٹے بعد بھی مقررہ جگہ پر نہیں پہنچا۔.

کراچی کے ملیر کینٹ سے امدادی ٹیم تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجی جا رہی ہے۔لسبیلہ اور اس سے متصل کراچی کے علاقوں میں پاک فوج، رینجر، ایف سی، کوسٹ گارڈز اور پولیس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لئے جاری آپریشن میں مصروف ہے۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اس سے پہلے بلوچستان میں ہی آئی جی ایف سی ساتھ تعینات تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر لکھا بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالی کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شااللہ۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد اور عملے کی حفاظت فرمائے۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ لسبیلہ اور پولیس کو ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔ ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی