i پاکستان

سندھ میں گاڑیوں کی غیرقانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاون کا حکمتازترین

July 26, 2022


پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کراچی اور صوبے کے تمام اضلاع میں گاڑیوں کی غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے گاڑیوں پر غیر قانونی بلیو، گرین رنگوں یا دیگر کی نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف صوبائی سطح پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ کی شاہراہوں اور ہائی ویز پر رواں دواں نجی ملکیت کی گاڑیوں پر نصب بلیو، گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، یہ عمل قانون سے تجاوز کے زمرے میں آتا ہے، پرائیویٹ گاڑیوں پر بلیو/گرین نمبر پلیٹس کا استعمال سراسر غیر قانونی اور ماورائے قانون ہے۔ آئی جی سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کے رجحان کے سدباب اور حوصلہ شکنی کے لیے ایف آئی آرز کے اندراج سمیت تمام تر ضروری قانونی کارروائی اشد ضروری ہے۔ غلام بنی میمن نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور ٹریفک پولیس غیر قانونی بلیو گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف فی الفور ایک ٹھوس اور مربوط مہم کا آغاز کریں، کارروائیوں کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی عمل میں ملوث یا مرتکب ٹھہرائے جانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، مذکورہ مہم اگلے تین ماہ تک جاری رہے گی۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی