ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہاہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ سنگ میل دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ بدھ کوڈپٹی چیئرمین سینیٹ، مرزا محمد آفریدی نے پاکستان اور آذربائیجان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کی تقریبات اور تصویری نمائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں خطاب کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہاہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ سنگ میل دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ پاکستان اور آذربائیجان نے ہمیشہ تمام شعبوں میں انتہائی قریبی تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔متواتر اعلی سطحی پارلیمانی وفودکے تبادلے ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں اقوام اس شراکت داری کو بہت اہمیت دیتی ہیں اور آرمینیا کے ساتھ تنازعے میں پاکستانی حکومت اور عوام اپنے آذربائیجان کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ کشمیر کے مسلے پر پاکستانی موقف کی تائید اور حمایت پر آذربائیجان کی حکومت کے شکر گزار بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع اور دیگر شعبوں میں بھی آذربائیجان کو اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
صدر الہام علییوف کی امن اور باہمی ترقی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ توانائی، دفاع، زراعت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے کاروبار اور سیاحت میں آسانی کے لیے بھی کام کرنا چاہیے،یقین ہے کہ ہماری کوششیں آنے والے سالوں کے لیے ایک مضبوط شراکت داری قائم کرنے میں مددگار ثابت ہونگی۔اس موقع پر اذربائیجان کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آذبائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم د رانی، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر پرنس احمد عمر احمدزئی، سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر فلک ناز کے علاوہ آذربائیجان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی