i پاکستان

محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد سلیمانتازترین

July 29, 2022


ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد سلیمان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ محرم الحرام کے دوران پائیدار امن کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کیلئے خصوصی کمانڈ پوسٹ بنایا گیا ہے جبکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران 2400 سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ڈپی پی او نے مزید کہا کہ جملہ مسالک کے عمائدین کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا ہے اور جملہ مسالک کے پیروکاروں نے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملداری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرکے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اسلحہ کی نمائش اور متنازعہ وال چاکنگ ممنوع قرار دی گئی ہے ۔ضلع بھر میں واقع 50 امام بارگاہوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ شہر اور مضافات میں واقع 4 امام بارگاہیں حساس قرار دئیے گئے ہیں۔ عشرہ محرم کے دوران 540 مجالس اور 8 ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اندرون شہر 48 ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا عمل بڑھا دیا گیا ہے۔ ماتمی جلوسوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کیلئے شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر متنازعہ مواد کی تشہیر روکنے کیلئے جامع میکانزم ترتیب دیا گیا ہے۔شر پسند عناصر کی حوصلہ شکنی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قیام امن میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔فرقہ ورانہ ہم آہنگی، باہمی رواداری، برداشت اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے ہمیں مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی