لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے نومبر 2020 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پائی تھی ۔ وہ ان دنوں آئی جی کمیونیکیشن جی ایچ کیو کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ آصف غفوردسمبر 2016 میں ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات ہوئے تھے اور انہوں نے تقریباً ساڑھے تین سال تک اس عہدے پر اپنے فرائض سرانجام دیئے ۔ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور جنوری 2020 میں جی او سی اوکاڑہ تعینات ہوئے ۔آصف غفور 1988 میں پی ایم اے سے پاس آئوٹ ہوئے اور انہوں نے بطور میجر کارگل جنگ میں بھی حصہ لیا ، بطور میجر جنرل سوات میں دہشتگردی کی جنگ میں کمانڈ کی ۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو سے فارغ التحصیل ہیں ، رپورٹ کے مطابق بطور بریگیڈئر انہوں نے ڈائریکٹر ملٹری آپریشن بھی خدمات سرانجام دی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی لسبیلہ کے علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے ۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی