پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں ایک نئی سیاسی جماعت''تحریکِ ترقی وکمال'' کا اضافہ ہو گیا، تحریک ترقی و کمال کے بانی چیئرمین میجر جنرل)ر(فرخ بشیر ہیں اور جنرل سیکرٹری بلال علوی، چیف آرگنائزر شیر باز ملک اور انفارمیشن سیکرٹری خواجہ حماد اکبر ہیں، تحریک ترقی وکمال کے پہلے پارٹی کنونشن کا انعقاد نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں ہوا جس میں اسلام آباد راولپنڈی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ،تقریب کا آغاز پارٹی کے انفارمیشن سیکرٹری خواجہ حماد اکبر نے اپنے خیالات سے کیا۔ بعدازاں چیئرمین تحریک ترقی و کمال میجر جنرل( ر )فرخ بشیر نے کنونشن سے خطاب کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قومی مسائل گھمبیر ہوچکے ہیں ،ایک ایک مسئلے کو سنبھالنامشکل ہے، ملک میں امن ہوگا تو ترقی ہوگی ،یہی ہمارا بڑا مشن ہے ، ہم پاکستان میں منافقت کی سیاست نہیں کریں گے انھوں نے کنونشن میں آئے شرکاء کو یہ بڑے واضح الفاط میں بتایا کہ ہماری پارٹی میں بڑے نام نہیں لیکن اچھے ساتھ والے لوگ ہمارے ہمراہ ہوں گے،
تحریک ترقی وکمال کے پہلے پارٹی کنونشن پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل بلال علوی نے اپنی پارٹی کے منشور کے حوالے سے شرکاء اور میڈیا کو آگاہ کیا اور کہاکہ ترقی ،خوشحالی معاشی خودانحصاری، فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہمارے منشور کا اولین حصہ ہے، پارٹی کے منشور کا فوکس پولیس اصلاحات، افرادی قوت کی تربیت، ملازمتیں، میرٹ، شفافیت کو فروغ دینا ہے،تعلیم و صحت کی مفت سہولتیں، شرح آبادی پر قابو پانابھی منشور میں شامل ہے۔تقریب کے اختتام پر پارٹی قائدین نے میڈیا کو بریفنگ بھی دی جس میں پارٹی کے چیئرمین فرخ بشیر نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میرا تعلق کوٹلی ستیاں سے ہے اور میں چھ سال قبل فوج سے ریٹائر ہوا اور کچھ ہم خیال دوستوں کی مشاورت سے ہم نے اس پارٹی کے قیام کو عمل میں لایا، میڈیا بریفنگ میں پارٹی چیئرمین نے یہ واضح کیا کہ پارٹی اخراجات خود پارٹی قائدین برداشت کریں گے، تاہم اگر فنڈز کی ضرورت ہوئی تواپنے ملک سے اکٹھے کریں گے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی