i پاکستان

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے حکومت کو مزید مہلت،سماعت 27 جون تک ملتویتازترین

June 15, 2022

 لاہورہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلیے حکومت کو مزید مہلت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ یہ کام تمام اداروں کے تعاون سے ممکن ہونا ہے ،ہماری بھائی بہن باہر ہیں اور ہم ان کا حق دے رہے ہیں اور یہ ان کا بنیادی حق بھی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکٹرونک ووٹنگ میشن تیار کرلی ہے اور اس پروجیکٹ میں فنڈز درکار ہیں، ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کے پروجیکٹ لانا چاہتے ہیں ۔جسٹس شجاعت علی خان نے استفسار کیا کہ حکومت کب تک فنڈز جاری کرے گی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس پروجیکٹ کے لیے نادرا کو فنڈز جاری کیے گئے تاہم اس طرح کام نہیں ہوا۔اس پر جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دئیے کہ اگر ایسا ہے تو ہم معاملہ نیب کو بھیج دیتے ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب معاہدہ جلد ہونے والا ہے اور کام شروع ہوچکا ہے۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ حکومت نے اسمبلی سے بل منظور کیا ہے جو اس وقت صدر پاکستان کے پاس منظوری کے لیے پڑا ہے اور اس کی حتمی منظوری کے بعد عدالت کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔سرکاری وکیل نے مزید پیش رفت کے لیے عدالت سے مہلت کی استدعا کردی جس کو عدالت نے منظورکرلیا۔عدالت نے سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان