پاکستان کو قابل تجدید توانائی ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر سست رفتار کام کی وجہ سے توانائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہوا، شمسی، منی ہائیڈرو اور بائیو ماس جیسے ذرائع سے مالا مال ہے جو ملک کی بجلی کی پریشانیوں کا سب سے سستا حل پیش کرتا ہے۔ تاہم بجلی کی طلب میں اضافے کے باوجود ان قدرتی ذرائع سے کلین اور گرین پاور کی پیداوار پر کام کی رفتار تیز نہیں ہے۔وفاقی حکومت نے آر ای پالیسی کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن ان قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے میں عدم دلچسپی کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔کچھ عرصہ قبل ورلڈ بینک نے صوبے میں صاف توانائی کی پیداوار کے لیے 100 ملین ڈالر قرض کا اعلان کیا تھا۔ ہدف 200,000 گھرانوں کو آف گرڈ سولر پی وی پاور فراہم کرنا تھا جو کہ 1.2 ملین افراد کے برابر ہے۔ سندھ حکومت نے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے آر ای کی صلاحیت کو حاصل کرنے میں مدد کرنے میں عدم دلچسپی کی شکایت کی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران اس وقت کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا تھا کہ متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ نے صوبے میں 25 میں سے صرف ایک سولر پاور پروجیکٹ کو مسابقتی بولی کے لیے منتخب کیا تھا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ سندھ قابل تجدید ذرائع سے سستی اور ماحول دوست توانائی چاہتا ہے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبے کو مسابقتی بولی میں بڑی صلاحیت اور بڑی تعداد میں درست لیٹر آف انٹینٹ ہونے کے باوجود نظر انداز کیا گیا۔ محکمہ توانائی سندھ نے درخواست کی تھی کہ ہوا اور شمسی منصوبوں کے لیے 1000 میگاواٹ کی مکمل مقدار، جیسا کہ 2021 کے آئی جی سی ای پی میں منظور کیا گیا ہے، بولی کے لیے غور کیا جائے اور منصفانہ مقابلے کے لیے صوبے کے تمام ہوا اور شمسی منصوبوں کو شامل کیا جائے۔
محکمہ توانائی سندھ کے سیکرٹری ابوبکر مدنی نے کہا کہ پاور پلانٹس کی نصب صلاحیت ان کی پیداوار سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ ایندھن کی قیمت زیادہ ہے جس سے بجلی مہنگی ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت پاکستان میں زیادہ تر بجلی ہائیڈل یا فرنس آئل کے ذرائع سے پیدا ہوتی ہے۔ فرنس آئل کی قیمت بہت زیادہ ہے اور یہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔مدنی نے کہا کہ ہمیں سستی بجلی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر پاکستانی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے فرنس آئل کا استعمال کر رہے ہیں جب کہ شمسی اور ہوا جیسے قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے صرف 2,000 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔یہ الگ بات ہے کہ پاکستان کئی دہائیوں سے بجلی کی پیداوار کے لیے زیادہ تر پن بجلی کے ذرائع پر انحصار کرتا رہا ہے۔ بعد میںملک نے بجلی کی پیداوار کے لیے گیس کی طرف رخ کیا، جو اب ختم ہو رہی ہے۔ گیس کی قلت کے بعد بجلی کی پیداوار مہنگے فرنس آئل پر منتقل کر دی گئی۔ مدنی کے مطابق نیشنل گرڈ میں سولر اور ونڈ انرجی کا حصہ بڑھانے کے بہت امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت سولر پینلز پر ٹیکس کم کر دے اور معیاری پینل مقامی طور پر تیار کیے جائیں تو ان کی لاگت کئی گنا کم ہو جائے گی۔ عالمی بینک کی ایک تحقیق میں پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر شمسی اور ہوا سے "2030 تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو کم از کم 30 فیصد تک بڑھا دے، جو تقریبا 24,000 میگاواٹ کے برابر ہے۔یہ ترقی کے لیے بہت زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے جیسا کہ فی الحال کل نصب شدہ بجلی کی صلاحیت 43,775میگاواٹ ہے، جس میں سے فوٹو وولٹک کی تنصیب کی صلاحیت 630میگاواٹ ہے جو کہ صرف 1.4 فیصد ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی