i معیشت

صنعتوں کو عالمی اور مقامی منڈیوں میں روابط کو پروان چڑھاناہوگا،ڈاکٹر محمد عارفتازترین

October 10, 2023

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد عارف نے کہاکہ صنعتوں کو مصنوعی ذہانت بروئے کار لاتے ہوئے عالمی اور مقامی منڈیوں میں روابط کو پروان چڑھاناہوگاجبکہ ماحولیاتی تحفظ، بھوک، غربت کے خاتمہ، پینے کے صاف پانی اور صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے چوتھے صنعتی انقلاب سے ہم آہنگ صنعتی اختراعات کو عملی شکل دینے کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو عملی طور پر فعال بنانابھی ضروری ہے تاکہ 2030تک اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف بارے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد، حکومتی نمائندوں،بزنس ایسوسی ایشنز، عام شہریوں،کامرس کے طلبہ اور غیر سرکاری تنظیموں نے بھی شرکت کی اور اقوام متحدہ کے اہداف کے حصول کے لیے اب تک کیے جانے والے اقدامات کا تنقیدی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ پائیدار متوازن اور مساوات پر مبنی معاشرہ کی تشکیل کے لیے ان اہداف کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ڈاکٹر محمد عارف نے فیصل آباد کی موجودہ صورتحال اور ریجن کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے ضروری اقدامات کا بھی ذکر کیا جن میں خاص طور پر تعلیمی اور صنعتی شعبے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کی سمت عملی پیشرفت کے لیے یونیورسٹیوں اور صنعتوں کو مصنوعی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسے اقدامات کرناہوں گے جن کے ذریعے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی عالمی اور مقامی منڈیوں میں روابط کو پروان چڑھایا جا سکے۔انہوں نے اس سلسلہ میں خاص طور پر معاشی ترقی، تنوع اور معیاری تعلیم کا ذکر کیا اور بتایا کہ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے چیئرمین انجینئر احمد حسن پہلے ہی چوتھے صنعتی انقلاب اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم موضوعات پر سیمینا رکرا چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مختلف شعبوں کے درمیان مربوط روابط پر بھی زور دیا تاکہ باہمی مشاورت سے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان سمیت عالمی برادری کے مستقبل کو روشن بنانے میں بھی مدد ملے گی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعبداللہ نیئر شیخ، فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق اورفیصل آباد ویمن چیمبرآف کامرس کی صدر روبینہ امجد کے علاوہ دیگر قابل ذکر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی