i معیشت

پاکستان میں پیداہونیوالے پھلوں و سبزیوں کی سالانہ پیداوار 16ملین ٹن سے تجاوز کر گئیتازترین

July 08, 2024

پاکستان میں پیداہونیوالے40اقسام کے پھلوں و سبزیوں کی سالانہ پیداوار 16ملین ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ 20سے 40فیصد تک پیداوار کھیت سے منڈی تک ترسیل کے دوران ضائع ہونے سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کاسامناکرناپڑ رہاہے،لہٰذا کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کھیت سے منڈی تک ترسیل کے دوران ضائع ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کو بچانے سمیت بعد ازبرداشت عوامل کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنا کر بین الاقوامی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل سے زیادہ منافع حاصل کیاجاسکے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ پوسٹ ہارویسٹ ریسرچ سنٹر پھلوں اور سبزیوں کے بعد ازبرداشت نقصانات کو کم کرنے، پھلوں اور سبزیوں کے طریقہ برداشت کو بہتر بنانے، پختگی کے معیار کا تعین کرنے اور ان کو ذخیرہ کرنے کی جدید ٹیکنالوجی کی تیاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پھلوں اور سبزیوں کی بعدازبرداشت شیلف لائف بڑھانے اورایکسپورٹ کوالٹی کی تیاری کیلئے پری کولنگ ٹیکنالوجی و کولڈ سٹوریج ٹیکنالوجی کا قیام، گریڈنگ پیکنگ یونٹ کا قیام اور موبائل ائیر پلاسٹ ٹرک برائے ترسیل کے اقدامات نہایت ضروری ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پوسٹ ہارویسٹ سنٹر کے زرعی سائنسدان کسانوں،کھیتوں اور منڈیوں میں کام کرنے والی افرادی قوت اور زرعی ایکسپورٹ سے متعلقہ کمپنیوں کے لوگوں کی اصلاح اور رہنمائی کیلئے تربیتی پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ میں آم، کینو،امرود،آڑو، سٹرابیری،انگور،انار، لیچی، لوکاٹ،گاجر،پھول گوبھی،آلو، مرچ،پیاز، ٹماٹر اور شملہ مرچوں کی بعد ازبرداشت زندگی کو بڑھانے کیلئے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی