ملک سے پھلوں اورسبزیوں کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو149.87 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 82 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو272.49 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، فروری میں پھلوں کی برآمدات کاحجم 27.89 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 15.63 ملین ڈالراورگزشتہ سال فروری میں 39.38 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2022 میں پھلوں کی برآمدات کاحجم 398.91 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو105.88 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 62 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو171.56 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ فروری میں سبزیوں کی برآمدات کاحجم 15.14 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجوجنوری میں 10.09 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 27.77 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، مالی سال 2022 میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو255.14 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی