ملک میں خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2 فیصد اضافہ اور گیس کی پیداوار میں 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان پٹرولیم انفارمیشن سروس اور انڈسڑی کے اعدادوشمار کے مطابق 23 مئی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط پیداوار 62242 بیرل ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سے پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 2 فیصدزیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 60891 بیرل ریکارڈکی گئی تھی، اعدادوشمار کے مطابق 23 مئی کو ختم ہونیوالے ہفتہ میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3107 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 4 فیصد کم ہے، پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3229 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے میں او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 29883 بیرل اور گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 692 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔ پیوستہ ہفتے میں او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 27490 بیرل اور گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 716 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 10368 بیرل اور گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 689 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی،اس سے قبل پی پی ایل کی تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 9644 بیرل اور گیس کی 680 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔ ماڑی گیس کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 1135 بیرل جبکہ گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 758 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے میں بالترتیب 995 بیرل اور 812 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔ پی او ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 3514 بیرل جبکہ گیس 53 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی، پیوستہ ہفتہ میں پی او ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 4693 بیرل اور گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 66 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی