ملک میں بجلی کی پیداوار میں اپریل کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 7.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2024ء میں ملک میں 8 ہزار 639 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو مارچ کے مقابلہ میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔ مارچ 2024ء میں ملک میں 8 ہزار 23 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔جاری مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ملک میں 101089 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.4 فیصد کم ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 103592 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ جاری مالی سال کے پہلے دس ماہ میں آر ایل این جی سے مجموعی طور پر پانی 31 ہزار 237، نیوکلیئر 18 ہزار 797، گیس 9 ہزار 164، کوئلہ 12 ہزار 336، ہوا 2 ہزار 981، سولر 787 اور آر ایف او سے 2 ہزار 103 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔ بجلی کی مجموعی قومی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ 30.9 فیصد، نیوکلیئر 18.6 فیصد، آر ایل این جی 18.4 فیصد، گیس 9.1 فیصد، کوئلہ 12.2 فیصد، ہوا 2.9 فیصد، سولر 0.8 فیصد اور امپورٹڈ کوئلہ سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 4 فیصد بنتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی