i معیشت

محکمہ زراعت پنجاب نے بارانی علاقوں کیلئے گندم کی منظور شدہ اقسام کے متعلق سفارشات جاری کر دیںتازترین

October 10, 2023

محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ امسال بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کاموزوںوقت 15 اکتوبر تا15 نومبر ہے ۔کاشتکارگندم فی ایکڑ کی زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام مرکز19 ،عروج22 ،بارانی 17 ،پاکستان 13 ،فتح جنگ16 ،ایم اے 21اور نشان 21کی کاشت کریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے امسال گندم کی منظور شدہ منتخب اقسام پر 1500 روپے فی بیگ(50 کلوگرام) سبسڈی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی بوائی کیلئے40 تا45 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں جس کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے ۔ کاشت سے قبل بیج کو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملے کے مشورہ سے پھپھوندی کش زہر ضرور لگا لیں۔گندم کی کاشت سے قبل عام ہل چلائیں اور سہاگہ دیں تاکہ اگنے والی جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں۔ بارانی علاقوں کے کاشتکار بوائی سے قبل دو مرتبہ عام ہل چلائیں اور بھاری سہاگہ دیں تاکہ وتر زمین کی اوپر والی تہہ میں آجائے اور بذریعہ ڈرل گندم کی کاشت یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بارانی گندم کے کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں اور بوائی کے بعد اگر18 تا20 دن کے اندر بارش ہو جائے تو کھیت وتر آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں اس سے جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں گی اور وتر بھی دیر تک قائم رہے گا یا فصل کے اگاؤ کے بعد کھرپے یا کسولے سے خشک گوڈی کر کے فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک کریں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ امسال وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر "زیادہ گندم اُگاؤ "مہم چلائی جا رہی ہے جس کے تحت کاشتکاروں کو گندم کی منظور شدہ اقسام کے بیج و دیگر زرعی مداخل اور جدید زرعی مشینری پر سبسڈی دی جا ئے گی ۔اس کے علاوہ پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا کے استعمال کے ذریعے بھی کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جا ئے گی تاکہ گندم کی کاشت زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کی جا ئے جس سے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی