i معیشت

لچکدار معیشت کے لیے مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا بہت ضروری ہےتازترین

February 01, 2024

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے جنرل سیکرٹری ماجد شبیر نے کہا ہے کہ معاشی خود کفالت کو بڑھانے اور درآمدی اشیا پر انحصار کم کرنے کے لیے پاکستان میں پالیسی سازوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ مقامی صنعتوں کی ترغیب اور ترقی کو ترجیح دیں۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے پاکستان کی معیشت کم پیداواری صلاحیت کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے اور مسابقت کی کمی اور نااہلی کا شکار ہے۔ زراعت، مینوفیکچرنگ، تجارت اور دیگر خدمات سمیت ہر شعبہ اس مسئلے سے متاثر ہو رہا ہے جس کا اثر مجموعی پیداوار پر بھی پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت محدود مصنوعات تیار کرتا ہے اور اس سے بھی کم اشیا برآمد کرتا ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اسے اپنی برآمدات کو متنوع بنانے اور نئی عالمی ویلیو چینز میں داخل ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اعلی ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ آٹوموبائل، الیکٹرانکس، مشین ٹولز اور فوڈ پروسیسنگ جیسی صنعتیں پاکستان کے لیے عالمی منڈی میں ایک اہم ملک کے طور پر پوزیشن حاصل کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہیں۔ ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرکے ہم نہ صرف اپنے مینوفیکچرنگ بیس کو متنوع بناتے ہیں بلکہ اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی مسابقت کی سطح تک بھی بلند کرتے ہیں۔"شبیر نے کہاکہ ایسا کرنے کے لیے، حکومت کو ریگولیٹری نظام، ٹیکس اور ٹیرف کے ڈھانچے میں بہتری لاتے ہوئے اور کاروبار کرنے میں آسانی اور لاگت سے نمٹنے کے لیے ایک فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ مالی سال 24 میں حکومت مختلف اقدامات جیسے کسان پیکج، صنعتی معاونت، برآمدات کے فروغ، آئی ٹی سیکٹر کی حوصلہ افزائی اور وسائل کو متحرک کرنے وغیرہ کے ذریعے 3.5 فیصد کی بلند ترین نمو حاصل کرنے کی طرف کمر بستہ ہے۔

تاہم انہوں نے تجویز پیش کی کہ اعلی اور پائیدار معاشی نمو کے حصول کے لیے دانشمندانہ اور موثر اقتصادی فیصلوں، سیاسی اور اقتصادی یقین اور دوستانہ اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ ساتھ کافی غیر ملکی زرمبادلہ کی مالی اعانت کی ضرورت ہوگی۔ جاری قلیل مدتی آئی ایم ایف قرض کی سہولت اور دیگر دوطرفہ اور کثیر جہتی رقوم میکرو اکنامک ماحول اور اقتصادی ایجنٹوں کے اعتماد کو مزید بہتر بنانے کی راہ ہموار کریں گی۔بین الاقوامی تجارت کے ماہر ڈاکٹر غلام صمد نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ اقتصادی ترقی اور پائیداری کے حصول میں، قومیں اکثر ملکی پیداوار اور عالمی تجارت میں توازن پیدا کرنے کے چیلنجوں کا سامنا کرتی ہیں۔ فی الحال پاکستان کو مالیاتی استحکام میں بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ "درآمدات پر حد سے زیادہ انحصار نے ملک کو بیرونی کمزوریوں سے دوچار کر دیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط مقامی مینوفیکچرنگ سیکٹر ایسی اشیا کی درآمد کی ضرورت کو کافی حد تک کم کر سکتا ہے جو مقامی طور پر تیار کی جا سکتی ہیں۔ اس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہوگا بلکہ معیشت کی لچک میں بھی اضافہ ہوگا۔صمد نے استدلال کیا کہ توجہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کو بااختیار بنانے کی طرف مرکوز کرنی چاہیے۔ یہ کاروباری ادارے، جو کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں، روزگار پیدا کرنے، اختراع کو فروغ دینے اور اقتصادی تنوع میں حصہ ڈالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پالیسی میں تسلسل اور ریگولیٹری فریم ورک کو اہم شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی