پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کپاس کی شاندار فصل کے باعث ابتک45 لاکھ سے زائد کپاس کی گانٹھیں حاصل کی جاچکی ہیں اور امید ہے کہ90 لاکھ سے زائد کپاس کی گانٹھوں کی پیداوار کارواں سال کا مقررہ ہدف آسانی سے حاصل کرلیا جائے گا نیزاس بار کپاس کے مثالی کاشتکاران نے فی ایکڑ 40 من سے زیادہ کپاس کی چنائی کی ہے جس میں مزید بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے اور انشاللہ اگلی فصل کے دوران اسے 50 من تک لے جایا جائے گا جس کیلئے کپاس کے کاشتکاروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے جناح ہال میں منعقدہ ایک سیمینار میں بتایا کہ اس سال سیکرٹری زراعت پنجاب کی سربراہی میں کپاس کی کاشت کا نہ صرف ہدف حاصل کیا گیا بلکہ بھرپور اور ریکارڈ پیداوار بھی حاصل کی جارہی ہے اور ابھی تک پی سی جی اے کے مطابق45 لاکھ سے زائد کپاس کی گانٹھیں حاصل کی جاچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نگران حکومت پنجاب اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سفید مکھی کے خلاف جدید کیمسٹری والی زرعی زہریں مفت مہیاکی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ کپاس کے تمام کاشتکاراپنی فصلات پر توجہ مرکوزاور بہترین پیداوار حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پیداواری مقابلہ کپاس کا انعقاد کرایا جارہا ہے جس میں لاکھوں روپے کے انعام ضلع سطح سے لے کر صوبہ کی سطح تک دیئے جائیں گے۔اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ فیصل آباد،کسان سہولت بازار میں زرعی زہروں کے اسٹالز لگانیوالے پیسٹی سائیڈز ڈیلرز،محکمہ زراعت توسیع تاندلیانوالہ کے افسران و اہلکاران،پیسٹ وارننگ کے فیلڈسٹاف اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی