i معیشت

کپاس کی کاشت کیلئے 60فیصد اگاؤ والے بیج کا انتخاب کیا جائے،محکمہ زراعتتازترین

April 07, 2023

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈ ویژنل ڈائریکٹر چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کیلئے 60فیصد سے زیادہ اگاؤ والے بیج کا انتخاب کیا جائے،کیڑوں و بیماریوں کے حملے سے بچاؤ کیلئے بیج کو زہر لگایا جائے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاربیج کے انتخاب میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور غیر منظورشدہ اقسام کی کاشت سے بھی گریز کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ کپاس دنیا کی اہم ترین ریشہ دار فصل ہے اور پاکستان اس کی پیداوارمیں چوتھے نمبر پر ہے،پنجاب کو اس لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے کہ مجموعی پیداوار کا تقریباً 80فیصد یہاں پیدا ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ کپاس کی بھرپور فصل کے لیے بیج کا انتخاب، تیاری اور زہرآلود کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی فصل کے آغاز میں رس چوسنے والے کیڑے حملہ آور ہوتے ہیں اس لئے کاشتکار فصل کو نقصان سے بچانے کیلئے ابتدائی سطح پر ہی سپرے شروع کردیتے ہیں جس کی وجہ سے کپاس دوست کیڑوں کی تلفی کے علاوہ فی ایکڑ لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں ایسی زہریں دستیاب ہیں جن سے بیج کو زہر آلودکردیاجائے تو تقریباً 35سے40دن تک فصل رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے اور پتہ مروڑ وائرس کے ابتدائی حملے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں کیونکہ یہ وائرس سفید مکھی کی وجہ سے کپاس کی فصل میں منتقل ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ صحت مند فصل کا آغاز وائرس کے خلاف فصل کی قوت مدافعت میں اضافہ کر دیتاہے اور فصل وائرس کے حملہ سے محفوظ رہتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی