i معیشت

کپاس کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کیلئے فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے بچایا جائے، ڈاکٹر خالد اقبالتازترین

July 22, 2023

اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کپاس کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ کپاس کی فی ایکڑ اچھی پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے محفوظ رکھیں۔انہوں نے بتایاکہ گلابی سنڈی کے پروانے کا رنگ گہرا بھورا ہوتا ہے جس کے اگلے پر نوکیلے جبکہ پچھلے پر چوڑے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ سنڈی سفید یعنی بالکل کپاس کے ریشے کے رنگ کی ہوتی ہے اور بعد میں گلابی ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے قد کی سنڈی تقریباً ایک سے ڈیڑھ سنٹی میٹر لمبی ہوتی ہے جبکہ مادہ سنڈی مختلف وقفوں سے پتوں، ڈوڈیوں، پھولوں اور عام طور پر ٹینڈوں پر گچھوں کی شکل میں انڈے دیتی ہے نیز اس کا حملہ شروع میں ڈوڈیوں اور پھولوں پر ہوتا ہے جس سے حملہ شدہ ڈوڈیاں کھل نہیں سکتیں اور پھول مدھانی نما شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سنڈی پھول کے نر اور مادہ حصوں کو کھا جاتی ہے۔ جب کپاس کی فصل پر ٹینڈے بننا شروع ہوجائیں تو یہ سنڈی ان پر حملہ آور ہوتی ہے جس کی وجہ سے ٹینڈوں کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور ٹینڈے کمزور ہو کر گرجاتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی