i معیشت

غریبوں پر ٹیکس لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے ،عاطف اکرام شیختازترین

March 11, 2023

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ غریبوں پر ٹیکس لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے اورامراء پر ٹیکس عائد کر کے خسارہ پورا کیا جائے۔غریبوں پر انکی برداشت سے زیادہ ٹیکس لگائے جا رہے ہیں مگر امیرجو ٹیکس کو آسانی سے برداشت کر سکتے ہیں پر ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ہے جو افسوسناک ہے۔ معیشت تباہی کا شکار اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور وہ اپنے گھر کا بجٹ نہیں بنا پا رہے ہیں اس لئے انھیں کچھ ریلیف دیا جائے۔ عاطف اکرام شیخ جوپی وی ایم اے کے سابق چئیرمین بھی ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ منصوبہ ساز عوام کی حالت زار سے واقف ہیں مگر اسکے باوجود ان پر ٹیکس اور بجلی و گیس کے بلوں کا بوجھ بڑھاتے رہتے ہیں اور اس کے لئے وسائل کی کمی کا جواز گھڑتے ہیں مگر اگر وسائل کم ہیں تو اشرافیہ پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا۔عوام سے کہا جاتا ہے کہ قومی مفاد میں تکلیف برداشت کریں اور لیکن جب امیروں کی بات ہو تو قومی مفاد کہاں چلا جاتا ہے۔

عاطف اکرام نے کہا کہ غریب اور درحقیقت متوسط طبقے کے گھرانے بہت پریشان ہیں اور انھیں ضروریات پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری طرف امیر وہ اپنی لگژری گاڑیاں اتنی ہی آزادی سے استعمال کرتے ہیں جیسے ان دنوں میں جب پیٹرول کی قیمتیں آدھی تھیں۔تیل کی کھپت خوشحال طبقات کے استعمال کی وجہ سے کم نہیں ہوئی بلکہ غریب اب اپنی سواری کو احتیاط سے استعمال کرتے ہیں ۔اسی طرح دیگر اشیاء کی کھپت کا کریڈت مہنگائی کو جاتا ہے جسے غریب ہی بھگتتے ہیں ۔اس وقت خوراک اور ٹرانسپورٹ عوام کی بنیادی پریشانی بن چکی ہے اور بجٹ تنگ ہونے کی وجہ سے تعلیم اور صحت ثانوی مسائل بن گئے ہیں۔یہ صورتحال سماج کے لئے ایک ٹائم بم کی حیثیت رکھتی ہے جسے فوری بدلا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی