i معیشت

فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 18 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاہدف ہر صورت مکمل کیا جا ئے گا،ڈائریکٹر زراعت محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادتازترین

May 05, 2023

ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں 30 مئی تک ایک لاکھ 18 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاہدف ہر صورت مکمل کیا جائے گااور30 مئی تک کاشت مکمل کرنے کیلئے کسانوں کو معیاری اقسام کے بیج کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی انہوں نے کہا کہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی حامل اقسام سے کپاس کی بہترین پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کوبھرپور آگاہی فراہم کی جارہی ہے جبکہ محکمہ زراعت کسانوں کی رہنمائی سمیت فصل کو کیڑوں کے حملہ سے بچانے کیلئے بھی پوری طرح متحرک ہے لہٰذاکسان بھی کپاس کی فصل کی کاشت اور محکمہ کی سفارشات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کو بڑھاکرقیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 30 مئی تک کپاس کی کاشت کا موزوں وقت ہے لہٰذا کسان کپاس کی بروقت کاشت یقینی بنائیں اور اگر کسی جگہ رہنمائی کی ضرورت ہو تو محکمہ زراعت توسیع کے دفاتر سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں منظور شدہ اقسام کی تاخیر سے کاشت بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کم ہونے کے باعث کمزور مزاحمت کا باعث بن سکتی ہے اور اس کی وجہ سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیر سے کاشت کی گئی کپاس کی بڑھوتری کم ہونے کی وجہ سے اس فصل کے بیماریوں کی زد میں آنے کا خدشہ بر وقت کاشت کی گئی فصل سے کئی گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کی کاشت کے علاوہ کھیت میں روایتی و غیر بی ٹی اقسام کی کاشت بھی ضروری ہے تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوت مدافعت پیدا نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنے کھیتوں اور ارد گرد کی جگہ کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں اور محکمہ زراعت کے عملہ سے مشاورت کر کے سفارش کردہ زہروں کا مناسب استعمال یقینی بناتے ہوئے فصل کا با قاعدگی سے معائنہ بھی کرواتے رہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی