i معیشت

باغبان آم کی برداشت کے وقت پھل تک براہ راست رسائی حاصل کریں،ترجمان آریتازترین

July 11, 2023

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ آم کے درخت کو پھول لگنے سے لیکر پھل بننے تک عام طور پر120سے150دن درکار ہوتے ہیں مگر یہ وقت مختلف اقسام کے آموں کیلئے مختلف ہوتا ہے لہٰذاجب آم درخت پر تیار ہو جائے تو اس کی پختگی کو جاننے کیلئے کچھ مشاہداتی اور سائنسی عوامل پر انحصار کیا جاتا ہے جس میں آم کے کندھوں کا مکمل ابھار، قسم کے مطابق شکل و صورت اور آم کے اندر شکر کی مقدار کو شناخت کرناہے نیز جب مٹھاس یا شکر کی مقدار 10 سے 12 ڈگری ہو جائے تو آم قابل برداشت ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلہ پر آم کو درخت سے توڑ لیا جائے تو پکنے پر آم کی تمام خصوصیات بہتر طور پر نمایاں ہوتی ہیں تاہم اگر آم کو برآمد کرنا مقصود ہو تو پھر شکر کی مقدار 8سے10ڈگری ہونی چاہیے کیونکہ اس سے آم کی بعد از برداشت زندگی کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان آم کی برداشت کے وقت پھل تک براہ راست رسائی حاصل کریں اور پھل کو چوٹ لگنے سے ہر حال میں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آم کے درختوں سے پھل توڑتے وقت ڈنڈی 5ملی میٹر تک پھل کے ساتھ رہنے اور بعد ازاں کاٹ کر علیحدہ کردیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی