i معیشت

آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے معیشت پر دبائو کم ہو رہا ہے ،شاہد رشید بٹتازترین

July 06, 2023

تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے معیشت پر دبائو کم ہو رہا ہے ۔ڈیفالٹ کے خدشات دم توڑ رہے ہیں جس سے اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے تاہم اصلاحات کا عمل سست روی کا شکار ہے جسے تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی خبرسے کاروباری برادری کی مایوسی خوشی میں بدل گئی، یہ اطلاع ڈالر پر بجلی بن کر گری ہے جسکی قدر میں زبردست کمی آ گئی ہے، سونا بھی سستا ہو گیا ہے ،افراط زر گھٹ رہا ہے پاکستانی بانڈر کی قدر بڑھی ہے جبکہ سٹاک ایکسچینج میں سرگرمی شروع ہو گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ سارے مثبت اشارئیے وقتی ہیں کیونکہ پاکستان نے امسال قرض خواہوں کو پچیس ارب ڈالر تک کی ادائیگی کرنی ہے۔ برامدات میں کمی کا سلسلہ دس ماہ سے جاری ہے اور جون کی برامدات گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلہ میں انیس فیصد کم ہو گئی ہیں ، بے روزگاری بہت بڑھ گئی ہے ، ہزاروں کاروبار بند ہو گئے ہیں اور لوگ روزگار کی تلاس میںملک سے بھاگ رہے ہیں۔حکومت کو چائیے کہ معاشی و انتظامی اصلاحات کرے، عوام پر بوجھ بڑھائے بغیر ٹیکس آمدن میں اضافہ کرے، خسارہ کم کرے اور اشرافیہ کودی جانے والی دسترہ ارب ڈالر کی مراعات کو بتدریج کم کرنا شروع کرے تاکہ ملک کو بچایا جا سکے اور عوام کو سکھ کا سانس لینا نصیب ہو۔ اگر حکومت نے اصلاحات میں تاخیر کی تو صورتحال دوبارہ بگڑ جائے گی۔حکومت اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور بعض حلقے اسے مشورہ دے رہے ہیں کہ تکلیف دہ اصلاحات کے عمل کو آنے والی حکومت پر چھوڑ دیا جائے تاکہ ووٹر مزید ناراض نہ ہوں۔اگر ایسا ہوا تو یہ پاکستان کی بدقسمتی ہو گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی