کاشتکاروں کو کماد کی فصل پر گھوڑامکھی کاحملہ روکنے اور اس کے تدارک کیلئے گھوڑامکھی کے دشمن طفیلی کیڑوں کی پرورش کو فروغ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ ایسے کھیت جن میں طفیلی کیڑے وافر تعداد میں موجود ہوں وہاں سے طفیلی کیڑوں کے انڈوں اور کویوں والے پتے 6انچ لمبائی میں کاٹ لیں اور گھوڑا مکھی کے متاثرہ کھیتوں میں جہاں طفیلی کیڑے ہوں وہاں ان پتوں کے ساتھ لٹکا دیں۔انہوں نے کہاکہ گھوڑامکھی کے دشمن طفیلی کیڑے گھوڑا مکھی کے خاتمہ میں انتہائی موثر و معاون ثابت ہوتے ہیں۔ کاشتکار موجودہ موسمی حالات کومدنظر رکھتے ہوئے کماد کی فصل کو 15سے20دن کے وقفہ سے آبپاشی بھی کریں۔انہوں نے کہاکہ کماد کی فصل پر کسی دیگر بیماری یا کیڑے کا حملہ مشاہدے میں آئے تو فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات حاصل کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی