ہرارے(شِنہوا)زمبابوے کا پہلا سیٹلائٹ زمساٹ ۔ 1 کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔
سرکاری اخبار ہیرالڈ نے منگل کے روز بتایا کہ ایک نینو سیٹلائٹ زمساٹ۔1 کو امریکہ کی نیشنل ایروناٹکس اینڈ سپس ایڈمنسٹریشن (این اے ایس اے) کے ورجینیا میں واقع لانچنگ پیڈ سے سائگنس این جی ۔ 18 کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن(آئی ایس ایس) کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔بغیر عملہ کے سائگنس این جی ۔ 18 خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو تجارتی کارگو کی ری سپلائی خدمات فراہم کرتا ہے۔
ہیرالڈ کے مطابق زمساٹ۔1 کی مدار میں اصل تعیناتی جاپان کے کیبو ماڈیول کے ذریعے لانچ کے تقریباً 2 ہفتے بعد کی جائیگی۔
وزارت برائے اعلیٰ و درجہ سوئم تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے مستقل سیکرٹری فانوئیل ٹیگویرا نے کہا کہ لانچ زمبابوے کی خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ٹیگویرا نے ہیرالڈ کو بتایا کہ ہم ایک ایسے ملک کے طور پر ترقی کے اس مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جہاں ایسی معلومات اکٹھا کی جا سکتی ہیں جنہیں ہم زراعت، صحت اور دیگر شعبوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔