• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

ترکی یوکرائن بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں مدد کیلئے تیار ہے، ایردوانتازترین

October 08, 2022

انقرہ(شِنہوا)ترکی کےصدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی مجموعی مفاد کی خاطر یوکرائن بحران کوپرامن طریقے سے حل کرنے میں مدد کیلئے تیار ہے۔

ترک صدر نے جمعہ کے روز اپنےروسی ہم منصب ولادی میر پوتن سے فون پر بات کرتے ہوئے ترکی ۔ روس تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ روس ۔ یوکرائن تنازعہ کی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

رجب طیب ایردوان نے اس عزم کااعادہ کیا کہ ترکی مجموعی مفاد کی خاطر یوکرائن بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنےمیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

ترکی جس کے یوکرائن اور روس دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، فروری کے آخر میں دونوں ممالک کے مابین تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے ان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

یوکرائن کی بندرگاہوں سے بحیرہ اسود کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک خوراک اور کھاد کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کیلئے یوکرائن اور روس نے 22 جولائی کو استنبول میں ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

رجب طیب ایردوان نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ ترکی کی ثالثی کے نتیجے میں روس اور یوکرائن نے تقریباً 200 جنگی قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا۔