• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ترکی اور شام میں زلزلے سے11ہزار سے زائد افراد جاں بحق ،امدادی کارروائیاں جاری ،ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ، چین کی82 رکنی امدادی ٹیم نے ترکی کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شرتازترین

February 08, 2023

انقرہ/دمشق(شِنہوا)امدادی اداروں اور حکام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلوں سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے بدھ کے روز سب سے زیادہ متاثرہ علاقے کے دورے کے دوران کہا کہ ملک میں کل 8ہزار574 افراد زلزلے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔اس سے قبل ملک کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا تھا کہ 40ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔شام کی وزارت صحت نے بتایا کہ شام میں کم سے کم 1ہزار250 افراد جاں بحق اور 2ہزار54 زخمی ہوئے۔میڈیا رپورٹس میں امدادی کارکنوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شام میں حزب اختلاف کے زیر قبضہ علاقے میں کم سے کم ایک ہزار280 افراد جاں بحق اور 2ہزار600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ترکی کے جنوبی صوبے کہرامن ماراس میں مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر17منٹ(پاکستانی وقت صبح 6بج کر 17 منٹ)پر 7.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے چند منٹ بعد ملک کے جنوبی صوبے غازیان تیپ میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا اور صوبہ کہرامن ماراس میں مقامی وقت دن ایک بج کر 24 منٹ (پاکستانی وقت دن 3 بج کر 24 منٹ)پر 7.6 کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔امدادی کارکن وقت اور سخت سردی میں کہرامن ماراس میں زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کررہے ہیں جو پیر کو ترکی اور شام میں آنے والے  دو بڑے اور تباہ کن زلزلوں کا مرکز ہے۔بہت سے ممالک اور عالمی امدادی ادارے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں اور امدادی سامان کی پیشکش کر رہے ہیں۔ایک 82 رکنی چینی امدادی ٹیم بدھ کو چارٹرڈ طیارے میں 8ہزار کلومیٹر سے زائد پروازکے بعد ترکی کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے آدانا ہوائی اڈے پر پہنچی۔چینی ریسکیو ٹیم کے نائب سربراہ وانگ مو نے پہنچنے پر کہا کہ ٹیم زندگی کے آثار کا پتہ لگانے والے آڈیو اور ویڈیو آلات، طبی آلات اور سونگھنے والے کتوں کو آفت زدہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں کیلئے لے کر آئی ہے جو فوری طور پر تلاش اور بچا کا کام شروع کریگی۔شام زلزلوں سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں امریکی پابندیاں اب بھی ملک میں انسانی امدادی کاموں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔