• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ترک فوج کی شام میں کارروائی میں وائے پی جی کے 26 ارکان ہلاکتازترین

October 06, 2023

انقرہ(شِنہوا)ترک سیکورٹی فورسز نے شمالی شام میں شامی کرد پیپلز ڈیفنس یونٹس (وائے پی جی ) کے حملے کی جوابی کارروائی میں 26 کرد جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔

 ترکیہ کی وزارت دفاع نے جمعہ ایک بیان میں کہا کہ ترکیہ کی جانب سے یہ کارروائی شمالی شام میں ترک فوج کے فرات شیلڈ آپریشن زون میں دبیق بیس کے علاقے پرجمعرات کو وائے پی جی کے حملے کے جواب میں کی گئی۔

وزارت کے مطابق ترکیہ کے جنگی طیاروں نے بھی وائے پی جی کے خلاف فضائی حملے کیے اور تل رفعت، جزیرہ اور ڈیرک کے علاقوں میں جمعرات کی رات 30 اہداف کو نشانہ بنایا۔

نیم سرکاری انادولو ایجنسی کے مطابق جمعرات کے اوائل میں نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی ) نے مسلح ڈرونز سے وائے پی جی کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے گوداموں کو نشانہ بنایا۔

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں اتوار کو ہونے والے ایک خودکش بم حملے کے بعد شام میں کرد گروپ اور ترک افواج کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کےکے) نے اتوار کو ترک وزارت داخلہ کے سامنے ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا یا اور دوسرا پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سابقہ ٹویٹر کے نام سے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ایک اور پیشرفت میں ترک پولیس نے جمعہ کے روزپی کے کے سے وابستہ 75 مشتبہ ارکان کو ترکیہ کے 11 صوبوں سے حراست میں لیا ہے۔