نیویارک (شِنہوا) امریکی جریدے یوایس نیوزاینڈ ورلڈ رپورٹ نے امریکہ میں پیدائش بارے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تولیدی علاج کی ادویات میں سیاہ اور سفید فام کی تفریق پائی گئی ہے جس کے اثرات امریکی بچوں کی زندگی اور اموات میں نظر آتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محققین کے مطا بق اس طرح کا علاج کرانے والی سیاہ فام خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح سفید فام خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ یہ فرق اس علاج کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی نسبت بہت زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں نوزائیدہ بچوں کی اموات شاذ و نادرہی ہوتی ہیں اور ان خراب نتائج کی وجوہات واضح نہیں ہیں۔ محققین نے عمر، ذیابیطس، موٹاپا، سگریٹ نوشی اور زچگی میں خطرات کے دیگر عوامل کو ایڈجسٹ کرنے کے بعد نسلی فرق کا مشاہدہ کیا ہے۔
اس میں بتایا گیا ہے کہ آئی وی ایف (ان وٹرو فرٹیلائزیشن) کی بھاری قیمت اور انشورنس کے دائرہ کار میں کمی کا مطلب یہ ہے کہ تولیدی علاج کی سہولت سے استفادہ کرنے والی خواتین نسبتاً زیادہ دولت مند ہیں۔
اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ جریدے پیڈیاٹرکس میں شائع یہ تحقیق آئی وی ایف، تولیدی ادویات اور دیگرعلاج کرانے والی خواتین میں نسلی فرق پر اب تک کی سب سے وسیع تر تحقیق ہے۔