تبلیسی (شِنہوا) جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں جارجیا ۔ چین سنکیانگ اجناس نمائش 2023 شروع ہوگئی۔
اس میلہ کی میزبانی چائنہ کونسل برائے تشہیر بین الاقوامی تجارت کی سنکیانگ ذیلی کونسل کررہی ہے۔ اس کا نمائشی رقبہ 2 ہزار مربع میٹر ہے اور یہ 3 روز جاری رہے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں جارجیا کے ماحولیاتی تحفظ اور زراعت کے نائب وزیر ایوری نوزادزے نے حالیہ برسوں میں جارجیا اور چین کے درمیان قریبی شراکت داری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نمائش جارجیا اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی اور دونوں ممالک میں ترقی کو فروغ دینے میں معاون ہوگی۔
جارجیا میں چینی سفیر ژو چھیان کے مطابق چین کے سنکیانگ خوداختیارخطے اور جارجیا کے درمیان تجارتی حجم میں تقریبا 4 گنا اضافہ ہوچکا ہے اور گزشتہ دہائی میں سرمایہ کاری کا حجم دوگنا ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سنکیانگ اب یورپ اور ایشیا کو جوڑنے والا ایک جامع ترسیل مرکز کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے جو سنکیانگ اور جارجیا اور ہمسایہ ممالک کے درمیان نقل و حمل ، ترسیل، توانائی ، نئے مواد ، زراعت ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔
نمائش میں سنکیانگ کے 7 علاقوں اور شہروں کے علاوہ اعلیٰ ٹیکنالوجی، صحت عامہ ، توانائی، ٹیکسٹائل اور ملبوسات ، زرعی مصنوعات اور خوراک جیسے شعبوں سے وابستہ کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔