واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان سے اگست 2021 میں امریکی فوجیوں کے انخلاء پر کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کے سرغنہ کو طالبان نے ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا نے انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ نے مشتبہ شخص کی شناخت شدت پسند گروپ داعش کی افغان شاخ آئی ایس آئی ایس -کے، کے رہنما کے طور پر کی ہےتاہم خطے میں امریکی انٹیلی جنس کی ساکھ کونقصان پہنچنے کے خوف سے اس شخص کا نام نہیں بتایا گیا اوریہ بتانے سے بھی انکارکیا گیا اس شخص کو کس طرح مارا گیا۔
یہ شخص 26 اگست 2021 کو ہونے والے خوفناک حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں کے ساتھ ساتھ 100 سے زیادہ افغان شہری بھی مارے گئے تھے۔سی این این نے قومی سلامتی کونسل میں سٹریٹجک کمیونیکیشن کے رابطہ کار جان کربی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعلیٰ سطحی قیادت کے نقصانات میں سے ایک ہے جس کا اس سال آئی ایس آئی ایس -کے کو سامنا کرنا پڑا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ طالبان کی کارروائی میں ملوث نہیں تھا اور نہ ہی اسے طالبان کی طرف سے سرغنہ کو ہلاک کرنے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ اس شخص کی موت اور شناخت کی تصدیق امریکہ کی اپنے انٹیلی جنس معلومات پرمبنی ہے۔