تائپے(شِنہوا)تائیوان نوول کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اپنی سرحدی پابندیوں میں مزید نرمی کرنے کے بعد 29 ستمبر سے ہر ہفتے جزیرے میں آنیوالے افراد کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار کر دےگا۔
جزیرے میں امراض کی مانیٹرنگ ایجنسی کی جانب سے جمعرات کو کیے جانیوالے اعلان کے مطابق تازہ ضوابط پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد آمد پر تھوک کے پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی لیکن جزیرے پر آنیوالے مسافروں کیلئے قرنطینہ پروٹوکول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
جزیرے پر آنیوالے افرادکی تعداد کی ہفتہ وار حد جون کے بعد سے بتدریج 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی ہے جبکہ روانگی سے قبل نوول کرونا وائرس کی جانچ کو اگست میں ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
ایجنسی نے کہا کہ نوول کرونا وائرس کے حفاظتی اقدامات میں وبائی صورت حال کے لحاظ سے مقررہ وقت میں مزید تبدیلی کی جائیگی اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ اکتوبر تک جزیرے پر آنے والےمسافروں کو گھر پر قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ایجنسی نے جمعرات کے روز بتایا کہ تائیوان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نوول کرونا وائرس کے 42 ہزار 212 مقامی کیسز اور بیماری سے 59 اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ مزید بتایا کہ جزیرے پر اب تک سامنے آنیوالے مقامی کیسز کی مجموعی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔