اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 2024 پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں دنیا سے خطاب میں ختم ہونے والے برس کی آزمائشوں اور مصائب کی عکاسی کرتے ہوئے آمدہ سال کے لیے اتحاد اور امید کا نظریہ پیش کیا ہے۔
گوتریس نے کہا کہ 2023 بہت زیادہ مصائب، تشدد اور ماحولیاتی افراتفری کا سال رہا۔ انسانیت تکلیف میں اور ہمارا سیارہ خطرے میں ہے۔ 2023 ریکارڈ پر گرم ترین سال تھا ۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے دنیا کو درپیش مشکلات کو مزید پیچیدہ بنانے والے اہم عالمی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غربت اور بھوک بے شمار افراد کو متاثر کر رہی ہے جبکہ تنازعات اور جنگوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام عالم اور برادریوں دونوں میں اعتماد کا فقدان ہے۔
انتونیو گوتریس نے الزام تراشی کرنے اور تشدد کا سہارا لینے کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انگلیاں اور بندوقیں اٹھانے سے کچھ نہیں ہوتا جب ہم متحد ہوں تو انسانیت سب سے مضبوط ہوتی ہے۔
مستقبل پر نگاہ ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ کے اعلی ترین عہدیدار نے 2024 کو "اعتماد اور امید کی بحالی" کے لئے وقف سال قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں مشترکہ حل کے لئے تقسیم سے بالاتر ہو کر یکجا ہونا ہوگا جس میں موسمیاتی تبدیلی پر فیصلہ کن کارروائی کرنا، معاشی مواقع پیدا کرنا اور زیادہ مساوی عالمی مالیاتی نظام قائم کرنا شامل ہے جو سب کے لئے مفید ہو۔
انتونیو گوتریس نے امتیازی سلوک اور نفرت کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاجس سے اقوام عالم اور برادریوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت جیسی ابھرتی ٹیکنالوجیز کو انسانیت کی وسیع تر بھلائی کے لئے استعمال کیا جائے۔
گوتریس نے امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لیے دنیا کو متحد کرنے کے اقوام متحدہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئیں 2024 کو اعتماد اور امید پیدا کرنے کا سال بنانے کا عہد کریں جو ہم ملکر کرسکتے ہیں۔
پیغام کے آخر میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے پوری دنیا کے لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔