اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بیجنگ میں 14 فلسطینی دھڑوں کی جانب سے اختلافات کے خاتمے اور اتحاد کو مضبوط بنانے سے متعلق جاری اعلامیے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ گوتریس بیجنگ میں فلسطینی دھڑوں کی طرف سے اعلامیے پر دستخطوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
اس اقدام کو مزید فلسطینی اتحاد کی طرف ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل بات چیت کے ذریعے تمام دھڑوں کے اختلافات ختم کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ بیجنگ میں کئے جانے والے وعدوں اور اعلامیے پر عملدرآمد کریں جس پر انہوں نے دستخط کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی بارہا کہہ چکےہیں امن اور سلامتی، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی خواہش کو آگے بڑھانے اور مکمل آزاد،جمہوری، قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کے لئے فلسطینی اتحاد اہم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گوتریس نے چین کی طرف سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس عمل کو آسان بنانے میں شامل دیگر ممالک کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔