خرطوم(شِنہوا)سوڈان کی فوج کے وفد نے بدھ کو سعودی عرب کے بندرگاہی شہر جدہ میں پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آرایس ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات میں اپنی شرکت معطل کر دی۔
ایک سینئر فوجی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ معطلی مذاکرات سے دستبرداری نہیں بلکہ آر ایس ایف کی جانب سے مختصر مدت کے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل اور بار بار خلاف ورزیوں کو فوج کی جانب سے مسترد کرنے کا اظہار ہے۔
ذریعے نے یہ بھی کہا کہ آر ایس ایف نے ہسپتالوں اور محلوں سمیت شہری علاقوں سے انخلاء کے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔
سوڈانی فوج اور آر ایس ایف نے ایک ہفتہ طویل جنگ بندی معاہدے کی میعاد پیر کو ختم ہونے سے پہلے پانچ دن تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ادھر عینی شاہدین نے بدھ کی صبح دارالحکومت خرطوم کے مغرب میں واقع اومدرمان کے ضلع المہندیسین میں جھڑپوں کی اطلاع دی۔ فوج نے خرطوم اور عمدرمان کو ملانے والے الفتح پل کو بند کر دیا جبکہ جنگی طیارے علاقے پر پرواز کر رہے تھے۔
آر ایس ایف نے بدھ کے روز ایک بیان میں سوڈانی فوج پرجنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے خرطوم میں ہمارے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔