اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوڈان میں تین روزہ جنگ بندی کی اپیل کی تاکہ پھنسے ہوئے شہری نکل جائیں۔
انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا کو بتایا کہ وہ فوری ترجیحاتی بنیادوں پر عید الفطر منانے کے لئے کم از کم3 روزہ جنگ بندی کی اپیل کررہے ہیں تاکہ جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے شہری وہاں سےنکل کر علاج، خوراک اور دیگر ضروری سامان حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑائی کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کی سمت پہلا قدم ہونا چاہئے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس طرح کی جنگ بندی کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ جنگ بندی کے بعد سنجیدہ بات چیت ہونی چاہیے جس سے کامیاب منتقلی ممکن ہو اور سویلین حکومت کا قیام عمل میں آئے۔
انتونیو گوتریس نے یہ اپیل افریقی یونین کی جانب سے سوڈان کے بحران پر بلائے گئے ایک اجلاس میں ورچوئل شرکت کے دوران کی جس میں اقوام متحدہ، عرب لیگ، بین الحکومتی اتھارٹی برائے ترقی اور یورپی یونین کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوئے جو اس بحران کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سوڈان میں جاری لڑائی کی مذمت کرنے اور خونریزی ختم کرنے مضبوط اتفاق رائے پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لڑائی فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔ مجھے شہریوں کی ہلاکتوں، خوفناک انسانی صورتحال اور کشیدگی میں اضافے وسیع امکانات پر گہری تشویش ہے۔